امریکی ریاست اوہائیو کے جنوب مغربی علاقے کی ایک خاتون نے کرونا ویکسین لگوانے پر دس لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا ہے۔ جب کہ اسی پروگرام کے تحت ایک طالب علم کو اسکالرشپ مل گیا ہے جس سے اس کے کالج کی تعلیم کے تمام اخراجات پورے ہو سکیں گے۔
اوہائیو میں لوگوں کو عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کی جانب راغب کرنے کے لیے حکومت نے ایک انعامی مہم شروع کی ہے۔ جس میں ویکسین لگوانے والے اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔
اس مہم کے دوران ہر ہفتے قرعہ اندازی کے ذریعے دس لاکھ ڈالر کی لاٹری اور کالج کی تعلیم کے تمام اخراجات کے مساوی اسکالرشپ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا جاتا ہے۔
ویکسین لگوانے کے انعامی پروگرام 'ویکس اے ملین' کی پہلی قرعہ اندازی پیر کو کی گئی تھی جب کہ جیتنے والوں کے ناموں کا باضابطہ اعلان ان کے کوائف کی تصدیق کے بعد بدھ کی رات ایک خصوصی ٹی وی شو میں کیا گیا۔
دس لاکھ ڈالر کا انعام سنسناٹی کے قریبی قصبے سلورٹن کے ابھیگیل بوگنسکی نے حاصل کیا، جب کہ کالج کی مکمل تعلیم کا اسکالرشپ ڈیٹن میں رہنے والے جوزف کاسٹیلو کے نام رہا۔
ریاست اوہائیو کے گورنر مائیک ڈی وائن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم بہت خوش ہیں کہ اس لاٹری پروگرام نے اوہائیو کے بہت سے باشندوں کو ویکسین لگوانے کی طرف متوجہ کیا ہے۔ اور ہم اس پروگرام کے تحت پہلی قرعہ اندازی میں جیتنے والوں کا اعلان کرتے ہوئے مسرت محسوس کر رہے ہیں۔
ویکسین لگوانے کے لاٹری پروگرام میں 10 لاکھ ڈالر کے انعام کے لیے 27 لاکھ سے زیادہ بالغوں اور تعلیمی اسکالرشپ کے لیے 12 سے 17 سال کی عمر کے ایک لاکھ چار ہزار سے زیادہ بچوں نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے۔ اسکالرشپ میں کالج کی ٹیوشن فیس، رہائش، خوراک اور کتابوں کے اخراجات شامل ہیں۔
اس پروگرام کے تحت اگلے چار ہفتوں کے دوران قرعہ اندازی کے ذریعے دس لاکھ ڈالر اور اسکالرشپ کے مزید چار چار انعامات دیے جائیں گے۔
ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر ڈی وائن نے ریاست میں ویکسین لگوانے کی کم تر شرح کے پیش نظر 12 مئی کو اس لاٹری پروگرام کا اعلان کیا تھا۔
اوہائیو لاٹری کی پہلی قرعہ اندازی پیر کے روز کی گئی تھی جس کے بعد جیتنے والوں کے کوائف اور اہلیت کی جانچ پڑتال کے بعد بدھ کو ان کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
لاٹری میں حصہ لینے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ویکس اے ملین کی ویب سائٹ یا ٹیلی فون پر اپنے نام کا اندراج کروائیں۔ لاٹری کا ایک منفرد پہلو یہ بھی ہے کہ انعام نہ جیتنے والوں کا نام اگلی قرعہ اندازی میں خود بخود شامل ہو جائے گا۔ اس طرح ان کے پاس انعام جیتنے کے چار مواقع موجود ہوں گے۔
انعامی مہم کے نتائج کافی حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں۔ لاٹری کے اعلان کے بعد ایک ہفتے کے اندر اوہائیو میں 16 سال سے زیادہ عمر کے افراد میں ویکسین لگوانے کی شرح میں 33 فی صد اضافہ ہوا۔
پیر کے اعداد و شمار کے مطابق اوہائیو میں تقریباً 45 فی صد کو ویکسین کی پہلی خوراک لگ چکی ہے جب کہ دوسری خوراک حاصل کرنے والوں کی تعداد 39 فی صد ہے۔
امریکہ بھر میں لگ بھگ 50 فی صد لوگ ویکسین کی پہلی ڈوز حاصل کر چکے ہیں جب کہ 13 کروڑ سے زیادہ افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں دی جا چکی ہیں جو کل آبادی کا 40 فی صد ہے۔
اوہائیو کی اس کامیابی سے متاثر ہو کر کولوراڈو، میری لینڈ، نیویارک اور آریگن کی ریاستوں نے بھی اسی طرح کے ترغیب دینے والے پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔