امریکہ کےنئے نمائندہٴخصوصی برائے افغانستان و پاکستان کے طور پر، سفیر رچرڈ اولسن ڈین فیلڈمن کی جگہ لیں گے، جن کے عہدے کی میعاد 18 ستمبر کو مکمل ہوئی۔
محکمہٴخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سفیر رچرڈ اولسن 17 نومبر سے نیا عہدہ سنبھالیں گے، جب پاکستان میں امریکی سفیر کے طور پر اُن کے عہدے کی مدت پوری ہوگی۔
ترجمان کے بقول، اپنے پیش روؤں کی طرح، ایمبسیڈر اولسن افغانستان و پاکستان میں ترقی، استحکام کے فروغ اور خوشحالی کے لیے امریکی قومی سلامتی کے مفادات کی حمایت میں پالیسیوں اور پروگراموں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کے لیے سفیر اولسن افغانستان و پاکستان کے علاوہ دیگر مقامات سے متعلق غیرمعمولی تجربہ رکھتے ہیں۔
گذشتہ تین برسوں کے دوران وہ اسلامی جمہوریہٴپاکستان میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات بجا لا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں تعیناتی سے قبل، ایمبسڈر اولسن 2011ء سے 2012ء تک افغانستان کے لیے امریکی سفارتخانے میں ترقی اور معاشی امور کے بارے میں رابطہ کار رہے ہیں، جس مدت کے دوران اُنھوں نے افغان حکومت کے لیے تمام امریکی غیر فوجی اعانتی پروگرام اور حمایت کی نگرانی کےفرائض انجام دیے۔۔
وہ امورِ خارجہ کے محکمے میں ایک سینئر اہل کار ہیں، جو 1982ء سے امریکی محکمہٴخارجہ سے منسلک رہے ہیں۔