اسپنر معین علی کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت انگلینڈ نےتیسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 239 رنزسے شکست دے کر سیریز میں دو، ایک کی برتری حاصل کر لی۔
اوول کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے 100 ویں ٹیسٹ کے آخری روز جنوبی افریقہ نے 117 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی۔
مہمان ٹیم کو پہلا نقصان باووما کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 32 رنز بنا کر ورلینڈجونز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور160رنز تھا۔
اسی اسکور پر فلینڈر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین موریس نے 24 رنز کی اننگز کھیلی، وہ معین علی کی گیند پر اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
معین علی کا اگلا اوورجنوبی افریقہ کے لئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوا۔ پہلے ایلگر 136 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے ، پھر اگلی دو گیندوں ربادا اور مورکیل کی وکٹ لے کر معین نے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کردیا۔
یہ اوول کے گراؤنڈ پر کسی بھی انگلش بولرکی پہلی اور 79 سال بعد کسی بھی انگلش اسپنر کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔
انگلینڈ نے دوسری اننگز آٹھ وکٹ پر 313 رنز بنا کر ختم کردی اور جنوبی افریقہ کو 492 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کی جانب سےدوسری باری میں ٹام ویسٹلے 59، جونی بیئرسٹو 63، جوروٹ 50 ،جیننگز 48 اور بین اسٹوکس 31رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز نے صرف 52 رنز پر چار وکٹ گنوا دی تھیں۔
آخری اسکور یہ رہا۔ انگلینڈ 353 اور 313 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ جنوبی افریقہ 173 اور 252 رنز۔
چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو۔ایک کی برتری حاصل ہے۔سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ 4 اگست سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔