رسائی کے لنکس

ویمنز ورلڈ کپ: بھارت کو ہرا کر، انگلینڈ عالمی چیمپئن بن گیا


ایک موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ بھارت یہ میچ بآسانی جیت جائے گا۔ لیکن، پونم راؤت کے آؤٹ ہونے کے بعد، میچ میں ایسا ڈرامائی موڑ آیا، جس کا کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا

انگلینڈ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 9رنز سے ہرا کر تیسری مرتبہ ویمنز کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ شربسول نے میچ وننگ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 بھارتی کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر اتوار کو کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لئے 229 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 5رنز پر سمرتی مندھانا بغیر کوئی رن بنائے شربسول کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئیں۔

مجموعی اسکور 43 رنز پر پہنچا تو نئی آنے والی کھلاڑی کپتان متھالی راج 17 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئیں۔

مشکل صورتحال میں پونم راؤت اور سیمی فائنل کی کوئن ہرمن پریت کور نے ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 95 رنز جوڑ کر نہ صرف ٹیم کو مشکلات سے باہر نکالا بلکہ جیت کی امید بھی پیدا کردیْ

اس موقع پر ہرمن پریت 51رنز کی اننگز کھیل کر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئیں۔ان کی اننگز میں دو شاندار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

دوسرے اینڈ پر، پونم نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور نئی آنے والی کھلاڑی ویدا کرشنامورتھی کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 53رنز بنا کر جیت کی امید مزید روشن کر دی، پونم 86رنز پر ہمت ہارگئیں اور شربسول کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین کی راہ لی۔

ایک موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ بھارت یہ میچ بآسانی جیت جائے گا۔ لیکن، پونم راؤت کے آؤٹ ہونے کے بعدمیچ میں ایسا ڈرامائی موڑ آیاجس کا کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا۔ یکے بعد دیگرے سشما ورما اور جھولن گوسوامی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں۔

بھارتی بیٹنگ لائن کی تباہی کا سلسلہ یہیں نہ رکا اور شیکھا پانڈے مشکل رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوابیٹھیں۔اسی اسکور پر دپتی شرما 14رنز کی اننگز کھیل کر پویلین سدھار گئیں اور پھر شربسول نے راجیشوری گائیکواڈ کو کلین بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

بھارتی اننگز کی تباہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 191رنز پر اس کی صرف تین وکٹیں گری تھیں، باقی سات کھلاڑی اسکور میں صرف 26رنز کا اضافہ کرسکیں اور یوں پوری ٹیم 48اعشاریہ 4اوورز میں 219رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

شربسول نے 46رنز کے عوض 6وکٹیں حاصل کیں، شاندار پرفارمنس پر انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

انگلینڈ کی بیٹنگ:
اس سے قبل میچ کے آغاز پر انگلش کپتان ہیتھرنائٹ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی۔ اوپنر ونفیلڈ اور بیومونٹ نے عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 47رنز جوڑے۔ ونفیلڈ24رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئیں۔

دوسری وکٹ کے لئے بھارتی بولرز کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور مجموعی اسکور میں صرف 13 رنز کے اضافے پر بیومونٹ نے بھی 23 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

انگلش ٹیم کو ایک اور نقصان کپتان ہیتھر نائٹ کی وکٹ کی صورت میں اٹھاناپڑا، وہ صرف ایک رن بناکر پونم یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔

تریسٹھ رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد سارہ ٹیلر اورنتالی سیور نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 83 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔

تاہم، ٹیلر45 رنز کی اننگز کھیل کر سیور کا ساتھ چھوڑ گئیں۔ اگلی ہی گیند پر فران ولسن بھی آؤٹ ہوگئیں، دونوں وکٹیں گوسوامی کے حصے میں آئیں۔

سیور کو بھی51 رنز پر گوسوامی نے پویلین کی راہ دکھائی، کیتھرین برنٹ 34 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں۔

اس طرح انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے۔

جینی گن 25 اور لارا مارش 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

بھارت کی طرف سے جھولن گوسوامی نے تین، پونم یادیو نے دو اور راجیشوری گائیکواڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG