امریکہ کے وسط مغربی علاقے میں جاری سردی کی شدید لہر سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے جب کہ کئی شہروں میں درجۂ حرارت ریکارڈ حد تک گر گیا ہے۔
اس سے قبل حکام نے شدید سردی سے متاثرہ ریاستوں میں 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ تاہم، جمعرات کی شب تک سردی اور اس کے باعث ہونے والے حادثات میں شکاگو میں مزید نو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی۔
امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق وسط مغرب کے 30 سے زائد شہروں اور قصبوں میں جمعرات کو ان علاقوں کی تاریخ کا کم ترین درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
سب سے کم درجۂ حرارت ریاست منی سوٹا کے علاقے کاٹن کا رہا جہاں پارہ منفی 48ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ یہ امریکہ کے کسی بھی علاقے کا تاریخ میں ریکارڈ ہونے والا کم ترین درجۂ حرارت ہے۔
سردی سے امریکہ کا تیسرا گنجان ترین شہر شکاگو بھی شدید متاثر ہوا ہے جہاں جمعرات کو درجۂ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔
ریاست وسکونسن کے شہر ملووکی اور منی سوٹا کے شہر منیاپلس میں درجۂ حرارت منفی 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شکاگو کے ایک بڑے اسپتال کے مطابق سردی کی شدید لہر کے دوران اسپتال میں رواں ہفتے فراسٹ بائٹ کے 25 کیس آچکے ہیں جن میں سے بیشتر کی ہاتھوں اور پیروں کی انگلیاں کاٹنا پڑیں۔
امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق سردی کی حالیہ لہر قطب شمالی سے آنے والی یخ بستہ ہواؤں کا نتیجہ ہے جس کے نتیجے میں امریکہ کی وسط مغربی اور شمال مشرقی ریاستوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔
ویدر سروس کے مطابق ان علاقوں میں سردی کی اتنی شدید لہر 20 سال میں کبھی نہیں آئی۔ تاہم جمعے سے سردی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے اور آئندہ ہفتے کے وسط تک بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ہوجائے گا۔
سردی کی شدت کے باعث متاثرہ ریاستوں میں گیس کی کھپت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث حکام نے صنعتوں کو پیداواری عمل روکنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
شدید سردی اور برف باری کے باعث سڑکوں کی صورتِ حال بھی خاصی خراب ہے اور جمعرات کی شام ریاست آئیووا کی صرف ایک جانسن کاؤنٹی میں دو گھنٹوں کے دوران 26 حادثات رپورٹ ہوئے۔
جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی سردی کے باعث امریکی ایئرلائنز کو دو ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
شکاگو کے اوہارے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں صرف جمعرات کو 700 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ویدر سروس نے کہا ہے کہ شکاگو میں جاری برف باری میں جمعرات کی نصف شب سے کمی آنا شروع ہوجائے گی۔