فرانس کی پولیس اور وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مرکزی پیرس میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک پولیس اہل کار ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ جمعرات کی رات کو پیش آیا۔
شانزے لیزے کے کاروبای مرکز میں ہونے والی یہ فائرنگ، جس میں حملہ آور بھی ہلاک ہوا، فرانس کے صدارتی انتخابات سے محض چند روز پہلے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین نے خبررساں ادارے روئیٹرز کو بتایا کہ ایک شخص نے کا ر سے نکلنے کے بعد اچانک مشین گن سے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس مقام کے قریب واقع ایک اور جگہ پر بھی حملہ آور نے گولیاں چلائیں۔
فرانس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ کہنا بہت قبل از وقت ہوگا کہ اس حملے کا مقصد کیا تھا لیکن یہ واضح ہے کہ پولیس اہل کاروں کو دیدہ دانستہ نشانہ بنایا گیا۔
فرانس کے پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس کا ایک اہل کار زخمی ہوا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ فائرنگ مسلح ڈاکے کی کوشش بھی ہو سکتی ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب فرانس کے ووٹر اتوار کے روز معلوم تاریخ کے ایک انتہائی سخت صدارتی مقابلے میں اپنا ووٹ ڈالنے کی تیاری کررہے ہیں۔
فرانس میں 2015 سے ہنگامی حالات نافذ ہیں اور اسے گذشتہ دو برسوں کے دوران اسلامی عسکریت پسندوں کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں 230 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس ہفتے کے شروع میں پولیس نے مارسے کے علاقے سے دو افراد کو حراست میں لیا تھا جن کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ الیکشن کے موقع پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پیرس کے پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ اس گرفتاری کے موقع پر پولیس کو ایک فلیٹ سے ایک مشین گن، دو ہینڈ گرینیڈ ، تین کلو بارودی مواد اور جہادی پراپیگنڈے پر مبنی پمفلٹ بھی ملے تھے۔