تجارتی روابط پر پاک بھارت اجلاس 27 اپریل کو

رواں ماہ نئی دہلی میں پاکستان اور بھارت کے داخلہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات بھی ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ جامع امن مذاکرات دوبارہ بحال ہونے کے بعد اس عمل میں پیش رفت ہو رہی ہے اور اس سلسلے کا اگلا اجلاس 27 اور 28 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں دو طرفہ تجارت کے اُمور زیر بحث آئیں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو روزہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت ظفر محمود کریں گے۔ اُنھوں نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان کی نظر میں مذاکرات کا یہ عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ سرکریک کے تنازعہ کو حل کرنے کے لیے بھی پاک بھارت مذاکرات کی تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔