پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعے کو کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے جیت کے لیے مہمان پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف آخری اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
ایک موقع پر میچ پر میزبان بنگلہ دیش کی گرفت مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی تھی لیکن خوش دل شاہ اور فخر زمان نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور جب کہ محمد نواز اور شاداب خان نے اننگز کا جیت پر اختتام کیا۔
شاداب خان نے 21 اور محمد نواز نے 18 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
ایک سو اٹھائیس رنز کے بظاہر آسان دکھائی دینے والے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ اوپننگ بلے باز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 16 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب بنگلہ دیش کے فاسٹ بالر مستفیض الرحمٰن کی شاندار بال پر رضوان بولڈ ہو گئے۔ وہ گیارہ رنز بنا سکے۔
کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی اور تجربہ کار بیٹر شعیب ملک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
میزبان ٹیم کے بالروں کے سامنے مزاحمت کرنے والے فخر زمان 36 گیندوں پر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ خوش دل شاہ نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے دو، مہدی حسن، شریف الاسلام اور مستفیض الرحمٰن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان محمد اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کے بلے باز ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہے۔
ابتدائی تین بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔ محمد نعیم اور سیف حسن ایک ایک جب کہ نجم الحسین سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹاپ اسکورر رہنے والوں عفیف حسین 36، وکٹ کیپر بلے باز نورالحسن 28 اور مہدی حسن 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین، محمد وسیم نے دو، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔