پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے جہاں بہت سے ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں، وہیںمنگل کی رات ایک انوکھا ریکارڈ بھی ان کے نام ہو گیا۔
وہ سب سے زیادہ مرتبہ 99 رنز پر آؤٹ ہونے یا ناٹ آؤٹ رہنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی بن گئے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز مصباح الحق ایک بار پھر ’نروس نائن ٹیز‘ کا شکار ہوگئے اور صرف ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ وہ 99 رنز بناکر ہولڈر کی گینڈ پر ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل مصباح الحق جنوری 2011ء میں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ویلنگٹن ٹیسٹ میں 99 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے تھے جبکہ حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز میں سبینا پارک ، کنگسٹن جمیکا میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں مصباح الحق اس وقت 99 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، جب ان کے ساتھی بیٹسمین محمد عباس چیس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے تھے۔
آج تیسری مرتبہ قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور وہ ایک بار پھر 99 رنزکے ساتھ مایوسی کے عالم میں پویلین لوٹے۔
پاکستان کےدیگر کھلاڑیوں میں سلیم ملک دومرتبہ جبکہ عامر سہیل، عاصم کمال، انضمام الحق، جاوید میانداد، ماجد خان، مقصود احمداور مشتاق محمدایک، ایک مرتبہ 99 رنز پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔