رواں ماہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے اور پاکستانی اسپنر سعید اجمل کی چھ ماہ بعد تینوں فارمیٹ کے لیے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
سعید اجمل پر گزشتہ سال ستمبر میں باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیے جانے پر آئی سی سی کی طرف سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا جسے انھوں نے مشق کر کے درست کیا اور مطلوبہ ٹیسٹ بھی پاس کر لیا ہے۔
جمعہ کو لاہور میں چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم میں شمولیت کے لیے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے علاوہ ان کے رویے کو بھی خاص طور پر اہمیت دی گئی ہے۔
آل راؤنڈر محمد حفیظ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تھے جب کہ ان کا باؤلنگ ایکشن بھی گزشتہ نومبر میں مشکوک قرار دیا جاچکا تھا جس کے تجزیے کے لیے وہ جلد ہی بھارت جائیں گے۔
عمر اکمل کو تنیوں فارمیٹ میں سے کسی ایک میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا جب کہ ابتدائی بلے باز احمد شہزاد صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ زخمی ہونے کی وجہ سے ایک عرصے سے ٹیم سے باہر رہنے والے عمر گل اور جنید خان کو بھی دورہ بنگلہ دیش کے لیے کھلایا جارہا ہے۔
ہارون رشید کا کہنا تھا کہ یہ کھلاڑیوں کے لیے ایک طرح کی تنبیہ ہے کہ اگر انھوں نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہے تو انھیں ٹیم کے طور پر ہی کھیلنا ہوگا۔
ایک عرصے سے پاکستانی ٹیم میں دھڑے بندیوں اور کھلاڑیوں کی آپسی چپقلش کی خبریں منظر عام پر آتی رہی ہیں اور مبصرین اسے پاکستانی کرکٹ کے لیے انتہائی مضر قرار دیتے ہوئے ٹیم کے ماحول کو سازگار بنانے پر زور دیتے آئے ہیں۔
دورہ بنگلہ دیش 17 اپریل سے شروع ہو رہا ہے جس میں دونوں ٹیمیں ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔
ٹیم کی بنگلہ دیش روانگی کا اعلان سکیورٹی اور دیگر امور طے ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ: بابر اعظم، محمد حفیظ، سمیع اسلم، مصباح الحق، اسد شفیق، اظہر علی، یونس خان، حارث سہیل، سعید اجمل، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، سرفراز احمد، وہاب ریاض، جنید خان، سہیل خان اور راحت علی۔
ون ڈے اسکواڈ: سمیع اسلم، سرفراز احمد، محمد حفیظ، اسد شفیق، فواد عالم، اظہر علی، محمد رضوان، حارث سہیل، صہیب مقصود، سعید اجمل، یاسر شاہ، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل اور سہیل خان۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ: احمد شہزاد، سرفراز احمد، محمد حفیظ، مختار احمد، صہیب مقصود، حارث سہیل، محمد رضوان، سعید اجمل، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، سعد نسیم، وہاب ریاض، سہیل خان، عمر گل اور جنید خان۔