کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" نے پاکستانی اسپنر سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن درست قرار دے دیا ہے۔
گزشتہ سال ستمبر میں سری لنکا کے خلاف ہونے والے ایک میچ میں امپائرز نے رپورٹ کی تھی کہ سعید اجمل کا بازو باؤلنگ کرواتے ہوئے آئی سی سی کے وضع کردہ قواعد کے مطابق 15 درجے کے اندر نہیں ہوتا۔
اس پر کارروائی کرتے ہوئے سعید اجمل کے باؤلنگ کروانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کے بعد پاکستانی اسپنر نے اس میں سدھار لانے کے لیے تربیت اور مشق کی۔
گزشتہ ماہ بھارتی شہر چنئی میں ان کے باؤلنگ ایکشن کا بائیومکینک تجزیہ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ کے مطابق اب ان کا ایکشن درست ہو گیا ہے۔
ہفتہ کو ایک بیان میں آئی سی سی کا کہنا تھا کہ دوبارہ لیے گئے ٹیسٹ میں یہ پتا چلا ہے کہ باؤلنگ کرواتے ہوئے سعید اجمل کا بازو 15 درجے کی مقرر کردہ حد کے اندر ہی رہتا ہے۔
سعید اجمل کو آئندہ ہفتے شروع ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور باؤلنگ ایکشن درست قرار دیے جانے کے بعد بھی فی الحال ان کی شرکت کے امکان بظاہر نظر نہیں آرہا۔
ہفتہ کو صحافیوں سے گفتگو میں سعید اجمل نے ٹیسٹ پاس کرنے پر اپنے مداحوں اور کوچز ثقلین مشتاق، مشتاق احمد اور محمد اکرم کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ ضرور کھیلے لیکن فی الوقت وہ خود کو اس بڑے مقابلے کےلیے تیار نہیں سمجھتے۔
آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے باؤلر سہاگ غازی کے باؤلنگ ایکشن کو بھی درست قرار دیا ہے۔ سہاگ پر گزشتہ اکتوبر میں غلط ایکشن کی وجہ سے پابندی لگائی گئی تھی۔
37 سالہ سعید اجمل دنیا کرکٹ کے ایک منجھے ہوئے اسپنر مانے جاتے ہیں۔ انھوں نے 35 ٹیسٹ میچوں میں 178، 111 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 183 اور 63 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
آئی سی سی کی ایک روزہ میچوں کے لیے باؤلروں کی عالمی درجہ بندی میں سعید اجمل سرفہرست ہیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔