عمدہ باؤلنگ اور شاندار فیلڈنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے لگاتار دسویں ٹی 20 سیریز اپنے نام کی ہے۔ میکسویل کی دھواں دار ففٹی بھی آسٹریلوی ٹیم کے کسی کام نہ آ سکی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 148 رنز کا ہدف دیا، لیکن جواب میں آسٹریلوی ٹیم 136 رنز بنا سکی۔
عماد وسیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستانی ٹیم بیٹنگ کے شعبے میں آج میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی اور صرف 29 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان 11 رنز بنا کر کولٹر نائل کا شکار ہو گئے۔
بابر اعظم اور محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر اسکور 99 رنز تک تک پہنچایا تو محمد حفیظ 40 رنز بنا کر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
ابھی اسکور میں صرف 7 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ بابر اعظم کو 45 رنز پر شارٹ نے فنچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔
اس کے بعد پاکستان کا مڈل آرڈر آسٹریلوی بولر کا کھل کر مقابلہ نہ کر سکا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کے سبب پاکستانی ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بنا پائی۔
شعیب ملک 14، آصف علی 9 اور فہیم اشرف نے ناقابل شکست 17 رنز بنائے
آسٹریلیا کی طرف سے کولٹر نائل نے 3 اور اسٹین لیک نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 11 رنز پر ڈی آرکی شارٹ کو عماد وسیم نے رن آؤٹ کر دیا۔ وہ صرف 2 رنز ہی بناسکے۔
اگلی وکٹ کے لئے پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور کرس لاین صرف 7 رنز کی اننگز کھیل کر عماد وسیم کی گیند پر شاداب خان کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان فنچ صرف 3 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے۔
مچل مارش کسی حد تک مزاحمت دکھائی اور 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ گلین میکسویل نے 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کے لئے جیت کی امید پیدا کی لیکن شاہین شاہ آفریدی نے میکسویل کی وکٹ لے کر یہ امید بھی ختم کردی۔
کولٹر نائل نے بھی صرف 17گیندوں پر 27 رنز بناکر پاکستانی بولر کا خوب مقابلہ کیا لیکن ٹیم کو فتح نہ دلاسکے اور آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی۔
اس طرح پاکستان نے نہ صرف میچ بلکہ سیریز بھی اپنے نام کر لی جبکہ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کی ٹی 20 میچوں میں یہ مسلسل دسویں فتح ہے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو جبکہ عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا آخری میچ 28 اکتوبر کو اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔