پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگلہ دیش کا بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور پاکستان کے بالرز نے ابتدائی اوورز میں ہی دو کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔ بعد ازاں نجم الحسین شنٹو اور عفیف حسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور میں اضافہ کیا۔ البتہ آٹھویں اوور میں عفیف حسین 20 رنز بنا کر 51 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والا کوئی کھلاڑی بھی جم کر نہ کھیل سکا۔ البتہ نجم الحسین 40 رنز بنا کر بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور بنانے والے کھلاڑی رہے۔ ان کو شاداب خان نے آؤٹ کیا تھا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوررز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا سکی تھی۔
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کی۔ جب کہ محمد وسیم، حارث رؤف اور محمد نواز ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان کے ساتھ کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ بابر اعظم ایک بار پھر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد فخر زمان محمد رضوان کا ساتھ دینے آئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔ البتہ محمد رضوان 39 رنز بنا کر 97 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد حیدر علی کھیلنے آئے۔ جنہوں نے فخر زمان کے ہمراہ پاکستان کو کامیابی سے ہم کنار کیا۔
فخر زمان 57 رنز جب کہ حیدر علی 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فخر زمان کو پلیئر آف میچ بھی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے 109 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کیا۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف آٹھ بالرز استعمال کیے البتہ مستفیض الرحمٰن اور سیف حسن ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
دونوں ممالک کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا آخری میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں میں دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز ہو گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 نومبر تک چٹاگانگ اور دوسرا ٹیسٹ 4 سے 8 دسمبر تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔