کرکٹ ورلڈ کپ؛ پاکستان نے نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

حیدر آباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کو 287 رنز کا ہدف دیا۔ لیکن نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ہدف کے تعاقب میں ڈچ بلے بازوں نے ٹیم کا اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم 28 کے مجموعی اسکور پر میک ڈوڈ پانچ رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

نیدرلینڈز کی دوسری وکٹ 50 کے مجموعی اسکور پر گری جب کولن اکرمن 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں وکرام جیت سنگھ اور بیس دی لیڈا نے اچھی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کے اسکور کو 120 تک پہنچا دیا۔

لیکن وکرام جیت سنگھ 52 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ اس کے بعد حارث رؤف کی تیز رفتار بالنگ کے باعث وقفے وقفے سے نیدرلینڈز کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ڈچ ٹیم 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حارث روٴف نے تین، حسن علی نے دو جب کہ شاہین آفریدی، شاداب خان، محمد نواز اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور کپتان بابر اعظم، فخر زمان اور امام الحق جلدی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم محمد رضوان اور سعود شکیل کی نصف سینچریوں نے پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا۔

محمد رضوان اور سعود شکیل نے 68، 68، محمد نواز نے 39، شاداب خان نے 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

فخر زمان 12، امام الحق 15 اور بابر اعظم پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے بیس دی لیڈا نے نو اوورز میں 62 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئی۔ پندرہ کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز اور کپتان بابر اعظم بھی پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ انہیں ایکرم نے کیچ آؤٹ کیا۔

بعدازاں امام الحق بھی پل شاٹ مارنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے اور پاکستان کے 38 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

سعود شکیل سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کے دوران آؤٹ ہو گئے جس کے بعد محمد رضوان کو بھی بیس دی لیڈا نے بولڈ کر دیا۔

افتحار احمد بھی دی لیڈا کا شکار ہوئے اور وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔ اس کے بعد شاداب خان اور محمد نواز نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی ٹیم اپنا اگلا میچ 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔