حکمران جماعت پیپلز پارٹی کی مقتول رہنما اور پاکستان کی سابقہ وزیراعظم بینظیر بھٹو کی چوتھی برسی منگل کو منائی جارہی ہے۔
سندھ میں گڑھی خدابخش میں ان کے مزار پر ملک بھر سے پارٹی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اس موقع پر ہونے والی مرکزی تقربی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
پیر کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے صوبائی وزیرداخلہ منظور وسان کے ہمراہ گڑھی خدابخش میں انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں منظور وسان نے بتایا کہ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چھ ہزار اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں جن میں ایک ہزار رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔
’’ہم نےعاشورہ کے جلوسوں اور کل کراچی میں ہونے والے جلسے میں سکیورٹی کو یقینی بنایا ویسے ہی ہم یہاں (گڑھی خدابخش) بھی سکیورٹی مہیا کریں گے۔‘‘
انھوں نے بتایا کہ دو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے تقریب اور جلسے کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
منظور وسان نے کہا کہ نوڈیرو میں ہونے والے جلسے میں صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی خطاب کریں گے۔
بینظیر بھٹو 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسے سے واپس آرہی تھیں جب وہاں ہونےو الے ایک خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہوگئیں۔