سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹوکی تیسری برسی کی مرکزی تقریب اُن کے آبائی علاقے گڑھی خدابخش میں ہور ہی ہے جہا ں صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت جماعت کے سینیئر رہنماء موجود ہیں۔
اس تقریب میں پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکن بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور لگ بھگ پانچ ہزار پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
صدر زرداری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ عسکریت پسندوں کو بے نقاب کرنے اوراُن کے خاتمے تک لڑائی جاری رکھنے کے عزم کودہرایا جائے۔
بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسے میں شرکت کے بعد خودکش بم حملے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔ سابق وزیراعظم کے قتل میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت میں مقدمے کی سماعت جاری ہے اور حال ہی میں پولیس کے دو سابق عہدیداروں کو بھی گرفتار کر کے اُنھیں باقاعدہ طور پر شامل تفتیش کیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے سابق سربراہ سعود عزیز اور سابق سپریٹنڈنٹ خرم شہزاد کو بے نظیر بھٹو کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات میں غفلت برتنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔