آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی جیت، بابر اور امام کی سینچریاں

پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

جمعرات کو لاہور کے قذافی اسٹیدیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلیا نے بین میک ڈرموٹ کے 104 اور ٹرویس ہیڈ کے برق رفتار 89 رنز کی بدولت پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے پہاڑ جیسا 349 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبو شین 59، مارکس اسٹوائنس 49 اور شان ایبٹ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 63 رنز دے کر چار اور محمد وسیم نے 56 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا اور فخر زمان نے امام الحق کے ساتھ مل کر 118 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم کی۔

فخر زمان دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو امام کا ساتھ دینے کپتان بابر اعظم کریز پر آئے اور دونوں نے شان دار سینچریاں بنا کر پاکستان کو فتح کے قریب کر دیا۔

بابر اعظم نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے صرف 83 گیندوں پر 114 رنز بنائے جب کہ امام الحق نے 97 گیندوں پر 106 رنز بنائے۔

محمد رضوان نے 23، خوشدل شاہ نے 27 جب کہ افتحار احمد نے 11 رنز بنائے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 49 اوورز میں پورا کر لیا۔

ایک روزہ میچوں میں پاکستان نے پہلی مرتبہ 348 رنز کا بڑا ہدف حاصل کیا، جب کہ 2017 کے بعد پہلی بار آسٹریلیا کو ون ڈے میچ میں شکست دینے میں کامیاب ہوا۔