تیسرا ون ڈے: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو 280 رنز کا ہدف

بابر اعظم نے 92 رنز کی اننگ کھیلی۔ فائل فوٹو

تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بابر اعظم، فخر زمان اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے 280 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی۔ اوپنرز فخر زمان اور محمد حفیظ کپتان کی توقعات پر پورا اترے اور 64 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا جس میں بیشتر حصہ فخرمان زمان کا رہا۔ محمد حفیظ نسبتاً سست رفتار اننگز کھیل کر 34 گیندوں پر صرف 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لئے آئے اور فخر زمان کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ فخر زمان 65 رنز بناکر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 98 رنز تھا۔

بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ شراکت قائم کی اور 108 رنز جوڑ کر اسکور 206 رنز تک پہنچا دیا اور میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ حارث سہیل 59 گیندوں پر دو چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بناکر پویلین سدھار گئے۔

دوسرے اینڈ پر بابر اعظم نے رنز بنانے کے سلسلے کو جاری رکھا لیکن نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 92 رنز پر وکٹ گنوابیٹھے۔ شعیب ملک زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 18 رنز بناسکے۔

شعیب ملک کے بعد کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین اعتماد کے ساتھ کیوی بولرز کا سامنا نہ کرسکا اور وقفے وقفے سے فہیم اشرف، آصف علی اور حسن علی بالترتیب 5، 9 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

کیوی بولر فرگوسن نے آخری اوور میں تین وکٹیں لےکر اننگز میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ ون ڈے کیریئر میں پہلی مرتبہ انہوں نے کسی بھی اننگز میں پانچ وکٹیں لی ہیں۔

ہنری، بولٹ اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ اس میچ کی فاتح ٹیم سیریز بھی اپنے نام کرلے گی۔

پاکستان کے 279 کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔