پاکستان کے شمال مغربی علاقے لوئر دیر میں پیر کو ایک خودکش بم حملے میں سات افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ حملہ قبائلی علاقے باجوڑ کی سرحد کے قریب جندول قصبے کے مونڈا بازار میں قائم ایک بس اڈے میں کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والے دو طالبان مخالف قبائلی رہنما بھی شامل ہیں جو بظاہر خودکش حملہ آور کا ہدف تھے۔
فوری طور پر کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم علاقے میں سرگرم طالبان عسکریت پسند وقتاً فوقتاً یہاں فوجی اور دیگر اہداف پر حملے کرتے آئے ہیں۔
لوئر دیر قبائلی علاقوں مہمند اور باجوڑ کے قریب واقعے ہے جہاں سکیورٹی فورسز نے طالبان جنگجوؤں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں۔
لوئر دیر اور اس سے ملحقہ اضلاع بشمول وادی سوات میں 2009ء میں موسم گرما میں فوج نے طالبان شدت پسندوں کے خلاف ایک بھرپور کارروائی کرکے مجموعی طور پر یہاں ریاست کی عمل داری بحال کر دی تھی۔