کابل میں پاکستان کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ سرحد پر پاکستانی اور افغان سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ سے متعلق خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔
سفارت خانے نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جھڑپوں سے متعلق خبریں "جھوٹی ہیں۔"
ٹوئٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے افغان سرحد عبور کرنے کا بھی کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
سفارت خانے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان، افغانستان کی سرحدی خودمختاری اور جعرافیائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔
رواں ہفتے ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان فوج نے توپ خانے سے افغانستان کے مشرقی حصے میں گولہ باری کی جس میں جانی و مالی نقصان ہوا۔
اطلاعات کے مطابق اس واقعے کے بعد کابل میں تعینات پاکستان کے ناظم الامور سے احتجاج بھی کیا گیا، تاہم کابل میں پاکستانی سفارت خانے یا اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کی طرف سے اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی افغان عہدیداروں کی طرف سے یہ شکایت سامنے آتی رہی ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے افغان سرزمین پر گولی باری کی جاتی رہی ہے جس کے جواب میں پاکستان کا موقف رہا ہے کہ سرحد پار افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے کی صورت میں ہی جوابی کارروائی کی جاتی ہے۔