پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ہفتہ کی صبح مبینہ امریکی ڈرون حملے میں کم ازکم دو مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
مرکزی قصبے وانا کے قریب ایک گاؤں غاواخوا کے ایک گھر کے احاطے میں کھڑی گاڑی پر بغیر پائلٹ کے طیارے سے دو میزائل داغے گئے۔
ہلاک ہونے والے مشتبہ شدت پسندوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے اور ان قبائلی علاقوں میں ذرائع ابلاغ کی رسائی نہ ہونے کے باعث ان ایسے واقعات اور ان میں ہونے والے نقصانات کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔
قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں گزشتہ ماہ پانچ ڈرون حملوں میں کم ازکم غیر ملکی جنگجوؤں سمیت تقریباً 30 شدت پسند مارے گئے اور مقامی قبائلی ذرائع کا ماننا ہے کہ تواتر سے ہونے والے حملوں کے باعث شدت پسند ملحقہ ایجنسی جنوبی وزیرستان منتقل ہوگئے ہیں۔