’بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ‘

’بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ‘

پاکستان میں اسامہ بن لادن کی امریکی آپریشن میں ہلاکت کے بعد تشدد کے ہلاکت خیز واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے اور پہلے کی نسبت زخمیوں کی زیادہ تعداد امدادی تنظیموں کے زیر انتظام طبی مراکز کا رخ کر رہی ہے۔

یہ انکشاف انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے اعلیٰ عہدے دار پاسکل کُٹٹ نے کیا ہے جو گزشتہ تین سالوں سے پاکستان میں اس عالمی امدادی تنظیم کی سرگرمیوں کی سربراہی کر رہے تھے۔

’بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ‘



جنیوا میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاسکل کُٹٹ نے کہا کہ ”بن لادن کی ہلاکت کے بعد تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے اور یہ (پاکستان کے) شہری علاقوں تک پھیل گئے ہیں۔“ اُنھوں نے بتایا کہ آئی سی آر سی کے طبی مراکز سے رجوع کرنے والے افراد کی تعداد گزشتہ سالوں کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔

پاسکل کُٹٹ کے مطابق بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں غیر ملکیوں بشمول امدادی کارکنوں کی سلامتی سے متعلق شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں، جس کی وجہ سے امدادی اداروں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

”اگرچہ کہ آئی سی آر سی اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی خواہاں ہے، سرکاری اقدامات کی وجہ سے غیرملکیوں کے لیے نقل و حمل کرنا مسلسل مشکل ہوتا جا رہا ہے۔“

عہدے دار کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں اس صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھ رہے۔