رسائی کے لنکس

ایمن الظواہری القاعدہ کا نیا سربراہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

مصری نژاد ایمن الظواہری نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد القاعدہ کی قیادت سنبھالی ہے۔

یہ اعلان دہشت گرد تنظیم سے منسلک ایک ویب سائٹ پر جمعرات کے روز کیا گیا جب کہ العربیہ ٹیلی ویژن نے بھی یہ خبر نشر کی۔

الظواہری ایک طویل عرصے سے اسامہ بن لادن کے نائب کے طور پر کام کر رہا تھا۔ اُس نے رواں ماہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف القاعدہ کی مہم جاری رکھنے کا اعادہ کیا تھا۔

پاکستان کے شمالی شہر ایبٹ آباد میں دو مئی کو امریکی کمانڈوز کے ایک خفیہ آپریشن میں بن لادن کی ہلاکت کے بعد الظواہری کا بظاہر یہ پہلا اعلان تھا۔ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد ایمن الظواہری کو القاعدہ کا نیاسربراہ بنائے جانے کے امکانات واضح نظر آ رہے تھے۔

الظواہری کا تعلق مصر کے ایک خوشحال گھرانے سے ہے جس کے کئی ارکان ڈاکٹر اور ماہر تعلیم ہیں۔ اُس کے والد قاہرہ یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول میں فارماکولوجی کے پروفیسر تھے اور دادا معروف مذہبی درس گاہ الاظہر یونیورسٹی کے امام تھے۔ اطلاعات کے مطابق الظواہری کی عمر آئندہ ہفتے 60 برس ہو جائے گی۔

باور کیا جاتا ہے کہ الظواہری پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں روپوش ہے۔

XS
SM
MD
LG