اسلام آباد کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم، سات ہلاک

فائل فوٹو

پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد کے قریب ایک مسافر بس کے ٹرالر سے ٹکرانے سے کم ازکم سات افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

اتوار کی صبح راولپندی سے لاہور جانے والی مسافر بس اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب سیمنٹ لے جانے والے ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

اس حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم بعض زخمیوں کے مطابق بس کا ڈرائیور سڑک پر کھڑے ٹرالر کو نہ دیکھ سکا اور بس اس سے ٹکرا دی۔

پاکستان میں اکثر سڑکوں اور گاڑیوں کی خراب حالت اور غیر محتاط ڈرائیونگ ٹریفک حادثات کی وجہ بنتی ہے اور تقریباً 16 ہزار سے زائد افراد ہر سال سڑک پر ہونے والے ایسے حادثات میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔