پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر پہلی مرتبہ کبڈی ورلڈ کپ جیت لیا۔
فائنل مقابلے کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر ہوا۔ پاکستان نے بھارت کو 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دی۔
مقابلے کے آٖغاز پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ بھارت کپ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ مقابلے کے پہلے نصف تک بھارت کی گرفت مضبوط تھی۔ یہ برتری دوسرے ہاف کے وسط تک قائم رہی، تاہم اس موقع پر پاکستانی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بازی پلٹ دی اور عالمی کپ اپنے نام کر لیا۔
میچ نے اس وقت دلچسپ اور سنسنی خیز صورت حال اختیار کر لی جب میچ ختم ہونے میں محض 10 منٹ باقی رہ گئے تھے۔
اس موقع پر بھارت کے 32 اور پاکستان کے 30 پوائنٹس تھے۔ ان آخری لمحات میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کارگر داؤ پیچ کھیلتے ہوئے اپنے پوانئٹس 43 تک پہنچا دیے جب کہ بھارتی ٹیم اپنے 41 پوائنٹس تک ہی پہنچ پائی۔
میچ کے دوران ویڈیو ریویو کے نظام سے بھی استفادہ کیا گیا اور امپائرز کے ان فیصلوں پر، جن پر ٹیموں نے اعتراض کیا تھا۔ ویڈیو ریکارڈنگ دیکھ کر فیصلہ کیا گیا۔
ایک روز قبل ہونے والے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران جب کہ بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں اپنے لیے جگہ بنائی تھی۔
یہ کبڈی ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ اس کی میزبانی بھارت کی بجائے کسی دوسرے ملک نے کی۔ اور یہ بھی اتفاق ہی ہے کہ بھارت پہلی مرتبہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اس ورلڈ کپ کے مقابلے لاہور سمیت گجرات اور فیصل آباد میں بھی ہوئے جس میں بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جرمنی، ایران، کینیا، کینیڈا اور آذربائیجان کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔