پاکستان کے باغبانی اور برآمدات کے ادارے (پی ایچ ڈی ای سی ) نے وزارت تجات کے تعاون سے امریکہ کے لیے آموں کی برآمدات کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ پہلی کھیپ 27جولائی کو بھیجی جائے گی۔
ادارے نے گزشتہ سال بھی امریکہ برآمد کے لیے تیاری کرلی تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا۔
وزارت تجارت کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان ایک طویل عرصےکوشش کررہا تھا کہ امریکی منڈی میں اپنے اعلیٰ معیار کے آم بھجوا سکے۔اس مقصد کے لیے علی ترین فارم کے ”چونسہ“ نسل کے آم منتخب کیے گئے ہیں۔امریکہ بھجوائے جانے والی پہلی کھیپ تقریباً 1200کلو گرام کی ہوگی۔
یہ کھیپ ایسے کنٹینرز کے ذریعے بھجوائی جا رہی ہے جس میں درجہ حرارت کا مناسب خیال رکھا گیا ہے اور یہ سپلائی چین کے ماہرین کی ہدایات کے عین مطابق ہیں۔
امریکی شہر شکاگو میں پاکستانی قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی یہ کھیپ وصول کرکے دیگر پاکستانی قونصل خانوں کو بھجوائیں گے۔
تجارت کے سینئر وزیر مخدوم امین فہیم نے اسے پاکستان کی زرعی برآمدات میں ایک اہم قدم قراردیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ اپنے اعلیٰ معیار کی وجہ سے پاکستانی آم جلد ہی امریکہ میں مقبولیت حاصل کرلیں گے۔