جاسوسی کے الزام میں دو افراد کو بم سے اڑا دیا

فائل فوٹو

حکام کا کہنا ہے کہ افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں نے امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں دو افراد کو سرِعام بم کا دھماکا کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

اپنی طرز کی اس پہلے واقعہ میں طالبان جنگجوؤں نے دو ہتھکڑیاں لگے افراد کو جمعرات کے روز دتہ خیل کے علاقے میں درجنوں مقامی قبائلیوں کے سامنے ان کے جسم سے بم باندھ کر اڑا دیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی بغیر پائلٹ طیاروں یا ڈرون کے حملے تیز ہو گئے ہیں اور عام تاثر ہے کہ یہ حملے پاکستانی اور امریکی انٹیلی جنس اداروں کے لیے کام کرنے والے مقامی قبائلیوں کی جانب سے اہداف کی نشاندہی کی مدد سے کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شدت پسندماضی میں متعدد مبینہ جاسوسوں کو سر قلم کرکے یا گولیاں مار کر ہلاک کرچکے ہیں۔

شمالی وزیرستان افغانستان میں موجود اتحادی افواج پر حملے کرنے والے طالبان اور القائدہ کے جنگجوؤں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور پاکستان پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ دیگر علاقوں کی طرح یہاں بھی فوجی کارروائی کی جائے۔