کراچی: پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 12 'دہشت گرد' ہلاک

فائل فوٹو

ان کارروائیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جب کہ ایک مشتبہ دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں پولیس کی دو مختلف کارروائیوں میں جھڑپوں کے دوران کم از کم 12 مشتبہ دہشت گرد ہلاک اور تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے اعلیٰ عہدیدار راؤ انور کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پیر کو پپری کے علاقے میں پولیس نے چھاپا مارا جہاں مشتبہ دہشت گردوں نے مزاحمت کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ مبینہ عسکرت پسند مارے گئے۔

ان کے بقول یہاں سے فرار ہونے والے چار عسکریت پسندوں کا پیچھا کیا گیا اور گڈاپ کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران یہ چاروں بھی مارے گئے۔

ان کارروائیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جب کہ ایک مشتبہ دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق مارے جانے والے مشتبہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا۔

ملک کے اس سب سے بڑے شہر میں امن و امان کی صورتحال گزشتہ کئی سالوں سے دگرگوں رہی جہاں ہدف بنا کر قتل کرنے، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات معمول رہے ہیں۔

لیکن ستمبر 2013ء میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد سے ماضی کے مقابلے میں جرائم کی شرح میں قابل ذکر کمی اور امن و امان کی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہوئی۔

لیکن سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے ردعمل میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر ہلاکت خیز حملوں میں اضافہ کیا جن میں متعدد اہلکار مارے جا چکے ہیں۔