گیلانی کی سیاسی قوتوں کو مفاہمت کی پیش کش

گیلانی کی سیاسی قوتوں کو مفاہمت کی پیش کش

حکمران پیپلزپارٹی اپنی مقتول رہنماء بے نظیر بھٹوکا ستاونواں یوم پیدائش پیر کو منارہی ہے اور اسی مناسبت سے اُن کے آبائی علاقے کے علاوہ ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

اسلام آباد میں بے نظیر بھٹو کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھنے کی ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنی قائد کو خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع پر ملک کی تمام سیاسی قوتوں سے کہا کہ وہ پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے نجات دلانے کے لیے مفاہمتی جذبے کے تحت حکومت کا ساتھ دیں ۔

اُنھوں کہا کہ موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے بے نظیر بھٹو کی مفاہمت اور ہم آہنگی کی سیاست سے رہنمائی حاصل کرتی رہی ہے اوراتحادی حکومت ملک میں طرز حکمرانی کے ڈھانچے کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آواز بلند کی اور قوم کو اس خطرے سے روشناس کرایا ۔ وزیر اعظم کے بقول دہشت گردی کے خلاف مختلف طبقوں کے درمیان حالیہ قومی اتفاق رائے بھی مقتول بے نظیر بھٹو کی قربانیوں ہی کے باعث ہے ۔

اس موقع پروزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اُن کے دورحکومت میں آغاز حقوق بلوچستان کے تحت متعارف کرائی گئی سفارشات ، صوبوں اور وفاق کے درمیان وسائل اور آمدن کی تقسم کے فارمولے این ایف سی ایوارڈپر اتفاق رائے اور 18ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف نتیجہ خیز جنگ میں کامیابیاں اہم اقدامات ہیں ۔

وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ حکومت ”ٹیک آف“ کے مرحلے سے آگے بڑھ گئی ہے لیکن بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کے تناظر میں وفاقِ پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے اُنھیں مزید بہت کچھ کرنا ہے۔