پاکستان کے فوجی ہیلی کاپٹروں نے بدھ کے روز قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں طالبان کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں حکام نے کم از کم گیارہ جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔
یہ کارروائی جوگئی کے علاقے میں کی گئی تاہم اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
پشاور سے متصل قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں طالبان مخالف مقامی لشکر کے ساتھ جھڑپوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں جن میں لشکر کا ایک رکن اور چھ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔
اُدھر بلوچستان میں لورالائی کے علاقے میں نیم فوجی فرنٹئیر کور کے ساتھ ایک جھڑپ میں چھ عسکریت پسند ہلاک اور دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ حکام نے نصیر آباد میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں حکومت کی حامی ملیشیا کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔