پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں اتوار کو شدت پسندوں کے حملے میں کم از کم ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔
انٹیلی جنس حکام نے بتایا کہ لداکے علاقے میں ہونے والے اس حملے میں ایک فوجی اہلکار زخمی بھی ہوا، جب کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔
دریں اثنا شمالی وزیرستان کے علاقے پشت زیارت میں فوجی چوکی پر شدت پسندوں کے راکٹ حملے میں ایک فوجی ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے اس حملے کے جواب میں کی گئی کارروائی میں بھی دو جنگجو مارے گئے۔
شمالی وزیرستان ہی میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی میں سوار پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔
افغان سرحد سے ملحقہ ان علاقوں میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسندوں نے مبینہ طور پر اپنے ٹھکانے قائم کر رکھیں ہیں جنھیں امریکی حکام کے بقول افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج پر ہلاکت خیز حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔