پاکستان کی ٹیم ابتدائی طور پر مشکلات سے دوچار رہنے کے بعد سنبھلنے میں کامیاب ہو گئی ہے اور میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنا لیے۔
پاکستان کو جیت کے لیے 147 رنز درکار ہیں جب کہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔
پالیکیلے میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو سری لنکا کی ٹیم 85 رنز کا ہی اضافہ کر سکی اور کپتان میتھیوز کی شاندار سینچری کی بدولت 313 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جب کہ اسے پاکستان پر 376 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی۔
میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی اور 122 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلر عمران خان نے چھ اوورز میں پانچ وکٹیں لے کر میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔
مہمان ٹیم نے جب 376 رنز کے ہدف تعاقب میں اپنی بیٹنگ شروع کی تو اسے ابتدا ہی میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔
ابتدائی بلے باز احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے لکمل کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور اظہر علی پانچ رنز بنا کر پرساد کی گیند پر چندیمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شان مسعود اور یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
پاکستان کے ابتدائی بلے باز شان مسعود نے اپنی کیرئر کی پہلی سنچری ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے مکمل کی جب کہ یونس خان نے تیسویں سنچری نو چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔
چوتھے دن کا جب کھیل ختم ہوا تو شان مسعود 114 اور یونس خان 101 رنز پر کھیل رہے تھے۔
سری لنکا کی طرف سے پرساد اور لکمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے اور یہ میچ سیریز کے فاتح کا فیصلہ کرے گا۔