پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق، سہ پہر چار بجے ہوگا۔
ٹیسٹ سیریز میں گرین شرٹس ناکام ہوئیں تو ون ڈے کا امتحان سر پر آن پہنچا۔
کھلاڑیوں نے دبئی میں طویل پریکٹس سیشن کیا۔ فائنل الیون کے لئے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے درمیان صلاح مشورے ہوئے۔
کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل نے کپتان اور کوچ کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، کوچ ٹیم میں آل راؤنڈرز کی تعداد بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان محمد رضا کے مطابق، محمد عامر اور اظہر علی دستیاب نہیں ہونگے، جبکہ رومان رئیس اور حارث سہیل کی ٹیم میں شمولیت یقینی ہوگئی۔ محمد رضا کے مطابق، عماد وسیم اور شاداب خان کو کھلانے کا فیصلہ سرفراز احمد وکٹ دیکھ کر کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے ایک روزہ میچوں کے لیے ٹرافی کی رونمائی دبئی میں کردی گئی۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ تمام لڑکوں کو ٹیسٹ سیریز میں ہونے والی شکست کو بھلا کر آگے کھیلنا ہوگا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ایک روزہ میچون کے لیے بہترین لڑکوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کرینگے، اور امید ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین کھیل پیش کرینگے۔
تقریب کے بعد، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان آسان ہدف نہیں۔ لیکن، وہ کوشش کرینگے کہ جیت کا تسلسل برقرار رہے۔
سری لنکا نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔