پاکستان نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ تین سالوں کے دوران ملک بھر میں اکتیس سو سے زائد(3143) ”دہشت گردوں “کو گرفتار کیا ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے اپنے تحریری بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے بتایا کہ سب سے زیادہ گرفتاریاں(2103) صوبہ خیبر پختونخواہ میں عمل میں لائی گئیں اور جب کہ باقی ”دہشت گردوں“ کو وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں ، کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر تین صوبوں سے حراست میں لیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ تین سال کے اس عرصے کے دوران حکام نے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونے والا مواد بھی قبضے میں لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں گزشتہ تین سالوں میں دہشت گردانہ واقعات میں 505افراد ہلاک ہوئے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ 2001ء سے عسکریت پسندوں کے خلاف جاری جنگ میں اب تک اس کے 35ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اس لڑائی میں مرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے زائد ہے۔