پاکستان کا 'شاہین ون اے' بیلسٹک میزائل کا تجربہ

فائل فوٹو

’شاہین ون اے‘ نامی اس بیلسٹک میزائل کا تجربہ منگل کو کیا گیا اور اس کا مقصد اس ہتھیار کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینا تھا۔

پاکستان نے 900 کلومیٹر فاصلے تک مار کرنے والے ایک بیلسٹک میزائل کا ' کامیاب تجربہ' کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق ’شاہین ون اے‘ نامی اس بیلسٹک میزائل کا تجربہ منگل کو کیا گیا اور اس کا مقصد اس ہتھیار کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'شاہین ون اے' میزائل جوہری ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

فوج کے بیان میں اس میزائل کو جدید اور انتہائی اعلیٰ کارکردگی کے حامل ’گائیڈنس سسٹم‘ نظام کے باعث ایک انتہائی موثر و کارگر ہتھیار قرار دیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق اس میزائل کا ہدف بحیرہ عرب تھا۔

پاکستان کے’اسٹریٹیجک پلان ڈویژن‘ کے ڈائریکٹر جنرل لفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے کہا ہے کہ یہ میزائل تجربہ کم ازکم قابل اعتماد دفادی صلاحیت کے حصول کے سلسلے کی کڑی ہے۔

ایک ہفتے کے دوران پاکستان کی طرف سے میزائل کا یہ دوسرا تجربہ ہے گزشتہ ہفتے پاکستان نے 2750 کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے والے’شاہین تھری‘ نامی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔