اسلام آباد: حراست کے بعد امریکی شہری ضمانت پر رہا

فائل فوٹو

پولیس کے مطابق ائیر پورٹ پر امریکی شہری کے سفری سامان سے نائن ایم ایم کی پندرہ گولیاں اور ایک میگزین برآمد ہونے پر حراست میں لیا گیا، تاہم بعد میں علاقائی جج نے اُنھیں ضمانت پر رہا کر دیا۔

اسلام آباد کے ہوائی اڈے سے حراست میں لیے گئے ایک امریکی شہری کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ائیر پورٹ پر تعینات قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جمعہ کو سفری سامان سے نائن ایم ایم کی پندرہ گولیاں اور ایک میگزین برآمد ہونے پر امریکی شہری کو حراست میں لے لیا تھا جسے بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

متعلقہ پولیس تھانے کے انسپکٹر راجہ مصدق نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مذکورہ امریکی شہری کا نام ولیم جان ہے اور وہ امریکی سفارت خانے میں تعینات تھے جہاں سے جمعہ کو وہ اپنے ملک واپس جا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق ولیم جان سے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تلاشی کے عمل کے دوران گولیاں برآمد ہوئیں تاہم اُن کے سفری سامان میں پستول نہیں تھا۔

راجہ مصدق نے بتایا کہ ’’پولیس نے ایف آئی آر درج کی۔ جس کے بعد اُنھیں علاقائی جج یاسر حسین مروت کی عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔‘‘

تاحال امریکی سفارت خانے کی طرف سے اس پر کوئی ردعمل یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں امریکی ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئیل کاکس کو بھی کراچی کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا، اُن کے سفری سامان سے نائن ایم ایم پستول کی 15 گولیاں ملی تھیں۔

بعد ازاں سفارت خانے کی جانب سے ایک وضاحتی بیان کے بعد کہ جوئیل کاکس غلطی سے اپنے سامان سے پستول کی گولیاں نکالنا بھول گیا تھا، عدالت نے مقدمہ خارج کر دیا تھا۔