ہنگو میں جمعہ کی شام ایک طاقتور بم دھماکے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پاس کلے کے علاقے میں حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی امام بارگاہ سے ملحقہ ایک زیر تعمیرہسپتال الحسینیہ سے ٹکرائی۔ دھماکے سے زیر تعمیر ہسپتال کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی ہے۔
کوہاٹ کے کمشنر خالد خان کے مطابق قبائلی علاقوں کرم اور اورکزئی میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے دو لاکھ سے زائد افراد نے ہنگو اور کوہاٹ میں پناہ لے رکھی ہے اور انتظامیہ کو اس بات کا اندازہ تھا کہ محرم کے دوران ان دو شہروں کو دہشت گردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب محرم الحرام کے سلسلے میں علاقے میں سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔
رواں ہفتے شمال مغربی پاکستان میں ہونے والا یہ تیسرا بم دھماکا ہے ۔اس سے قبل قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں خودکش حملے میں لگ بھگ پچاس افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس واقعے کے دوروز بعد کوہاٹ کے ایک مصروف بازار میں خودکش بم دھماکے میں کم ازکم 17افراد ہلاک ہوئے۔