سوات سے ملحقہ مالاکنڈ ایجنسی میں ہفتے کی صبح ایک مبینہ خودکش حملے میں تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اہلکار بٹ خیلہ میں بس سٹینڈ کے قریبی علاقے میں موجود مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے کارروائی کررہے تھے کہ ایک مکان میں چھپے مبینہ خودکش بمبار نے باہر نکل کر دھماکا کر دیا۔
دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز کے اہلکارو ں نے علاقے میں موجود شدت پسندوں کی تلاش کی کارروائی تیز کر دی ہے ۔ زخمی اہلکاروں اور دو دیگر افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے سوات اور ملحقہ ضلع دیر کی سرحد پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کارروائی کرکے متعددمشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ عہدیداروں کے مطابق یہ عسکریت پسند مہمند ایجنسی میں جاری سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے بعد فرار ہو کر سوات میں داخلے کی کوشش کر رہے تھے۔