صوبہ خیبر پختون خواہ کے شہر بنوں میں جمعرات کی صبح ایک بم دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
مقامی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ سڑک میں نصب بم میں اُس وقت دھماکا ہوا جب پولیس کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
واقعہ کی مزید تفصیلات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور نا ہی کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم ماضی میں اس علاقے میں طالبان شدت پسند سکیورٹی فورسز پر ایسے حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
ایک روز قبل قبائلی علاقے شمالی وزیرستان سے متصل بنوں کے نواحی علاقے میریاں میں قائم پولیس تھانے اور اس سے ملحقہ مسجد پر خودکش کار بم حملے میں کم از کم19 افراد ہلاک اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
ادھر پشاور سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے علاقے قمبر خیل میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔