جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان اپنی اننگز کے آغاز میں دو وکٹیں گنوا چکا ہے۔
آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر شان مسعود اور تیسرے نمبر پر آنے والے اظہر علی شامل ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو فلینڈر نے آوٹ کیا۔ شان مسعود وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے جبکہ ان کے بعد اظہر علی بھی پہلی ہی بال پر کیپر ڈیکوک کو کیچ دے بیٹھے۔
اس سے پہلے پاکستانی بالرز کی بہترین بالنگ کے باعث جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔
چائے کے وقفے تک میچ پر جنوبی افریقہ کی گرفت مضبوط تھی اور 226 پر اس کے صرف 4 کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے۔ لیکن اس کی 7 وکٹیں صرف 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 36 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔ یہ تمام وکٹیں پاکستان کے فاسٹ بالرز نے ہی حاصل کیں۔
محمد عامر نے 36 رنز کے عوض 2، محمد عباس 44 رنز کے عوض 2، حسن علی 75 رنز دے کر 2 اور فہیم اشرف نے 57 رنز دے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے لیگ سپنر شاداب خان صرف ایک وکٹ ہی حاصل کر پائے۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 17 رنز بنائے ہیں اور اس کے ابتدائی بلے باز امام الحق کے ساتھ نائٹ واچ مین محمد عباس وکٹ پر موجود ہیں۔