پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 7 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیرون پاول تھے جو محض 4 رنز بنا سکے۔ انہیں یاسر کی گیند پر شان مسعود نے کیچ آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے ونڈسر پارک ڈرمینیکا میںجاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 174 رنز پر اپنی اننگز ڈیکلیئر کردی۔ اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
اس طرح پاکستان کو میزبان ٹیم پر 303رنز کی برتر ی حاصل ہو گئی ۔ ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کے لئے 304 رنز بنانا ہوں گے۔
پاکستان نے آج دوسری اننگز کھیلتے ہوئے 8 وکٹس پر 174 رنز بنائے جبکہ اس نے پہلی اننگز میں 376 رنز بنائے تھے۔
اتوار کو میچ کا آخری روز ہے لہذا ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لئے بہت تیزی سے اور کم سے کم نقصان کے ساتھ پاکستان کا دیا گیا ہدف عبور کرنا ہو گا تبھی وہ اس فیصلہ کن میچ اور سیریزکو جیت سکے گا بصورت دیگر میچ ڈرا بھی ہوسکتا ہے۔
اس کے مقابلے میں پاکستان کی کوشش یہ ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کو کم ازکم اسکور پر پویلین واپسی کی راہ دکھائے تاکہ میچ اور سیریز دونوں اس کے نام ہو سکے۔ فی الحال تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہے۔
ہفتے کو پہلے پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 247 رنز پر آل آؤٹ کیا اور اس کے بعد اپنی دوسری اننگز کھیلنا شروع کی لیکن دوسری اننگز میں بیٹسمین پہلی اننگز کی طرح بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
دوسری اننگز میں اظہر علی صرف تین رنز بناسکے حالانکہ پہلی اننگز میں انہوں نے سب سے زیادہ 127 رنز بنائے تھے۔ شان مسعود نے 21، بابر اعظم نے صفر، یونس خان نے 35 ، مصباح الحق نے 2، اسد شفیق نے 13، محمد عامر نے 27 رنز بنائے۔حسن علی نے 15 اور یاسر شاہ 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہفتے کے روز کھیلی جانے والی دوسری اننگز پاکستان کپتان مصباح الحق اور یونس خان کے ٹیسٹ کیرئیر کی بھی آخری اننگز تھی۔ مصباح کو تو دوسری اننگز میں کچھ کرنے کا موقع نہیں مل سکا البتہ یونس خان نے دوسری اننگز میں باقی کھلاڑیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز کے تین کامیاب بالرز رہے ۔جوزف نے تین ، گیبریل اور بشو نے 2، 2 وکٹ حاصل کئے ۔ ایک وکٹ چیز نے لی۔
اس سے قبل آج کے ابتدائی گھنٹوں میں چوتھے روز کا پہلا سیشن پاکستانی بولرز کے نام رہا اور ویسٹ انڈیزکی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں247 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یوں پاکستان کو 129 کی برتری حاصل ہوئی۔
آج کے میچ کی ایک خاص بات یہ بھی رہی کہ میزبان ٹیم کی آخری پانچ وکٹیں اسکور میں صرف 29 رنز کا اضافہ کر سکیں، محمد عباس نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ونڈسر پارک ڈرمینیکا میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں آج ویسٹ انڈیز نے 218 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز شروع کی، پاکستان کو جلد ہی کامیابی ملی اور پہلے ہی اوور میں محمد عامر نے ڈوروچ کو 20 رنز پر کلین بولڈکردیا۔
روسٹن چیز شاندار اننگز کھیل کر 69 رنز پر محمد عباس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے اور اگلی ہی گیند پر بشو بھی بغیر کوئی رن بنائے یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
الزری جوزف بھی بغیر کھاتہ کھولے محمد عباس کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، گیبریل کی وکٹ بھی محمد عباس کے حصے میں آئی۔ وہ صفر پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس طرح ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 115 اوورز میں 247 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، یوں پاکستان نے پہلی اننگز میں 129 رنز کی برتری حاصل کی۔
پاکستان کی طرف سے محمد عباس نے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ 5وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ نے تین جبکہ محمد عامر اور اظہر علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔