پاکستان کے دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی گلوکار فخر عالم کے روس کے ویزے کی تجدید کے بعد انہیں دنیا کے گرد اپنے فضائی سفر 'مشن پرواز' کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
فخر عالم کو پیر کو روس کے مشرقی شہر یوزونا سخالنسک کے ایئرپورٹ پر روسی ویزے کی میعاد ختم ہونے کی وجہ سے ان کی پرواز لینڈ ہونے کے بعد روسی حکام نے حراست میں لے لیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ "اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ روسی حکام نے (منگل کی) صبح کو فخر عالم کو ویز ا جاری کر دیا ہے۔ ان کا جہاز پیر کو یوزنا سخالنسک کے ایئرپورٹ پر اترا تھا اور اس وقت ان کے روس کے ویزے کی میعاد ختم ہو چکی تھی۔"
ترجمان نے کہا ہے کہ اس دوران ماسکو میں پاکستان کے سفیر فخر عالم کے ساتھ رابطے میں رہے۔ ان کے بقول وہ روس کی حکومت اور خاص طور پر روس کی وزارتِ خارجہ کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔
دوسری طرف فخر عالم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ انہیں روس کا ویزا مل گیا ہے اور اب وہ آگے کا سفر جاری رکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
فخر عالم ایک پرائیویٹ جہاز پر دنیا کے گرد سفر پر نکلے ہیں۔ انہیں پیر کو جاپان سے روس کے مشرقی شہر یوزنا سخالنسک کے ایئرپورٹ پر لینڈ ہونے کے بعد اس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا جب ان کے روسی ویزے کی مدت ختم ہوئے دو گھنٹے ہو گئے تھے۔
فخر عالم نے 10 اکتوبر کو 'مشن ۔ پرواز' کےنام سے اپنے عالمی فضائی سفر کا آغاز امریکہ سے کیا تھا اور انہوں نے 28 دنوں پر محیط سفر کا اختتام بھی امریکی ریاست فلوریڈا میں کرنے کا پروگرام بنا رکھا ہے۔