بالی وڈ فلم 'ستیا پریم کی کتھا' میں پاکستانی گانے 'پسوڑی' کو شامل کرنے پر شائقین کی جانب سے ملا جلا ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔ بعض اس گانے کو اریجیت کی آواز میں پسند کر رہے ہیں جب کہ کئی 'پسوڑی ' کو بالی وڈ فلم میں استعمال کرنے پر برہم دکھائی دیتے ہیں۔
پیر کو اداکار کارتک آریان اور اداکارہ کیارا اڈوانی کی فلم 'ستیا پریم کی کتھا' کا گانا 'پسوڑی نو' ریلیز کیا گیا۔ یہ گانا پاکستان کے معروف میوزک شو کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 کا گانا تھا جسے دنیا بھر میں خوب پسند کیا گیا تھا۔
'پسوڑی' کو گلوکار علی سیٹھی اور گلوکارہ شے گل نے گنگنایا تھا۔ اب اس گانے کو بالی وڈ میں گلوگار اریجیت سنگھ کی آواز میں پیش کیا گیا ہے۔
کارتک اور کیارا کی فلم 'ستیا پریم کی کتھا' 29 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی ہدایات سمیر ودوانز نے دی ہیں جب کہ اسے 'پین انڈیا لمیٹڈ' کمپنی کے بینر تلے پیش کیا جائے گا۔
بالی وڈ فلم میں پاکستانی گانے 'پسوڑی' کو شامل کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِ عمل سامنے آ رہے ہیں۔
ثنا نامی صارف نے کہا کہ "آپ نے ایک ماسٹر پیس کو برباد کر دیا۔"
Uh guys just ruined another masterpiece 😭
— ✨SANA✨ (@shehnaazlovesme) June 26, 2023
راہل کہتے ہیں کہ "بچپن میں سنا تھا کہ نقل کے لیے بھی عقل چاہیے ہوتی ہے، اسے ثابت کرنے کے لیے کیا عملی مثال قائم کی ہے۔"
Bachpan me suna tha nakal k liye bhi akal chahiye… what a practical example to prove it…
— Rahul (@rahulhpep) June 26, 2023
ڈاکٹر اویشیک نامی صارف نے کہا "کاپی کرنا بند کرو۔"
Copy karna BAND karo
— DR.Avishek Roy (@DrAvishek) June 26, 2023
ایک صارف نے لکھا کہ "مجھے کچھ ہو رہا ہے، انہوں نے تو گانے کے لیرکس بھی برباد کر دیے۔"
Mujhe Kuch horaha hay They ruined lyrics as well pic.twitter.com/SxJoGdlzK3
— Dreamer🇵🇰 (@Dreamer4927) June 26, 2023
ایک صارف نے پسوڑی کے اس نئے ورژن کی تعریف کی۔
Wowww.. lovvved this version ❤️❤️ #Kiartik are looking amazing 🤩🤩
— Nivedita Banerjee (@Nivi_Banerjee) June 26, 2023
یاد رہے کہ 'پسوڑی' 2022 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا گانا تھا۔ اس گانے کو یوٹیوب پر اب تک 50 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔