پی ایس ایل : سیکیورٹی اخراجات پر پی سی بی اور پنجاب حکومت کے اختلافات برقرار

پاکستان سپر لیگ سیزن آٹھ کا کراچی اور ملتان میں پہلا مرحلہ اتوار کو مکمل ہونے کے بعد باقی ماندہ میچز لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔ لیکن سیکیورٹی اخراجات کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پنجاب کی نگران حکومت کے درمیان معاملات طے نہیں پا سکے ہیں۔

نگران وزیرِ اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ نگران حکومت سیکیورٹی کی مد میں کروڑوں روپے کے اخراجات کی منظوری نہیں دے سکتی۔ دوسری جانب پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ماضی میں پنجاب حکومت ہی سیکیورٹی اخراجات برداشت کرتی رہی ہے، لہذٰا اس بار بھی یہ کام پنجاب حکومت کا ہی ہے۔

ٹیموں کے ہوٹل میں قیام، اسٹیڈیم کے روٹس پر مختلف مقامات پر لائٹیں لگانے کے ساتھ ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی جاتی ہے جن کے کھانے پینے کے اخراجات کی مد میں پنجاب حکومت کے مطابق 90 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب حکومت کے وفد کے درمیان جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں اس سلسلے میں مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے تھے۔مذاکرات میں پنجاب حکومت کی نمائندگی صوبائی وزیرِصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کی جب کہ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی بھی اس موقع پرموجود تھے۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق پنجاب حکومت نے پی سی بی کو یہ تجویز دی کہ وہ 45 کروڑ روپے کی ادائیگی کردے جب کہ باقی ماندہ اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی، لیکن پی سی بی اس پر رضا مند نہیں ہوا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے فرنچائز مالکان سے بھی بات ہوئی ہے جو اس مد میں ایک روپیہ دینے پر تیار نہیں کیوں کہ وہ پہلے ہی سیکیورٹی اہلکاروں کے کھانے کے لیے 5 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو دے چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ مؤقف ہے کہ جس طرح بین الاقوامی ٹیموں کی پاکستان آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات وفاقی اور صوبائی حکومت کرتی ہے، اسی طرح کیوں کہ پی ایس ایل میں بھی غیر ملکی کھلاڑی آتے ہیں تو سیکیورٹی اخراجات کی ذمے داری حکومت کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے پنجاب حکومت کو بتایا کہ اس نے پنجاب میں پی ایس ایل میچز ہونے کی وجہ سے خصوصٰ طور پر حکومت کو تقریباً 70 کروڑ روپے کا صوبائی ٹیکس ادا کیا ہے۔

میچز کی کراچی منتقلی کی تجویز

رپورٹس کے مطابق اگر ہفتے تک پی سی بی اور پنجاب حکومت کے درمیان کوئی مفاہمت نہ ہوئی تو پی ایس ایل کے میچز کراچی منتقل کر دیے جائیں گے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 اور 26 فروری کو لاہور میں شیڈول میچز کے بعد 28 فروری سے یہ میچز دوبارہ کراچی منتقل کیے جا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں کھیلے گئے میچز کے سیکیورٹی اخراجات برداشت کیے تھے۔