پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ ہونے والے دورہ آسٹریلیا میں ٹی-ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈز کا اعلان کیا۔
دونوں کرکٹ فارمیٹس میں سابق کپتان سرفراز احمد کو شامل نہیں کیا گیا۔
سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان نئے وکٹ کیپر ہوں گے جبکہ خوش دل شاہ، عثمان قادر پہلی مرتبہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر ٹیم میں کارکردگی کی بنیاد پر واپس آ سکتے ہیں ان کے لیے یہ آپشن کھلا ہے۔
ٹی-ٹوئنٹی اسکواڈ
اعلان کے مطابق ٹی-ٹوئنٹی کے کپتان بابر اعظم ہوں گے۔
باقی ٹیم میں آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
ٹیسٹ اسکواڈ
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی ہیں۔
ٹیسٹ اسکواڈ کے باقی کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پریس کانفرنس میں مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی سیریز ہمیشہ سے اہم رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو ہرانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ جارحانہ کرکٹ کھیلی جائے۔
مصباح الحق نے مزید کہا کہ ٹی-ٹوئنٹی اور ٹیسٹ ٹیم کا انتخاب ڈومیسٹک میچز میں ٹیموں کے کوچز اور سلیکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔