آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود کی واپسی پر مداح خوش

فائل فوٹو

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جب کہ پانچ کھلاڑیوں کو ریزرو کے طور پر بھی شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جو میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بابر اعظم کی قیادت میں اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کے علاوہ پانچ کھلاڑیوں کو ریزرو کے طور پر بھی شامل کیا گیا ہے۔ فاسٹ بالر حارث رؤف اور شان مسعود کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جب کہ اسپنر یاسر شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پاکستان کو بابر اعظم اور محمد رضوان کی صورت میں ٹاپ کلاس بلے بازوں کی خدمات حاصل ہیں۔ ان کے علاوہ عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم اور فہیم اشرف بھی بلے بازی کے ذریعے میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں پاکستان کے پاس شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف، محمد نواز، ساجد خان حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ امام الحق، سعود شکیل، شان مسعود، نعمان علی اور زاہد محمود بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں پانچ ریزرو کھلاڑی بھی رکھے گئے ہیں جن میں کامران غلام، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

دوسری جانب شائقین کرکٹ شان مسعود کی ٹیم میں واپسی پر خوش دکھائی دے رہے ہیں جب کہ کچھ نسیم شاہ کو ریزرو میں رکھنے پر حیران ہیں۔

شان مسعود نے آخری مرتبہ دورۂ نیوزی لینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں وہ ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار بیٹںگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

کرکٹ پر نظر رکھنے والے مبصر مظہر ارشد نے ایک ٹوئٹ کیا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں نسیم شاہ کا نہ ہونا حیران کن ہے۔ انہیں صرف ریزروز میں رکھا گیا ہے۔ لیکن شان مسعود کی ٹیم میں واپسی اچھی بات ہے۔

شازمہ گیلانی نامی ایک صارف نے لکھا کہ نسیم شاہ اور یاسر شاہ کو ریزرو اور حارث رؤف کو مرکزی اسکواڈ میں دیکھ کر عجیب لگا۔

سید علی حسن نامی ایک صارف نے مظہر ارشد کے ٹوئٹ پر جواب دیا کہ نسیم شاہ کو حارث رؤف کی جگہ ٹیسٹ اسکواڈ میں ہونا چاہیے۔

عزیم گمن نامی ایک صارف نے کہا کہ شان مسعود سے زیادہ کوئی موزوں کھلاڑی نہیں تھا۔ جس انداز میں وہ آج کل کھیل رہے ہیں انہیں ٹیسٹ اسکواڈ میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔