ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز، پاکستانی اسکواڈ میں سات تبدیلیاں

فائل فوٹو

  • پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 17 جنوری سے شروع ہو گی۔
  • حال ہی میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والے سات کھلاڑی ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
  • ورک لوڈ مینیجمنٹ کے تحت فاسٹ بالر عامر جمال، محمد عباس، میر حمزہ اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے: پی سی بی
  • سلیکٹرز نے خرم شہزاد کو ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے محمد علی اور کاشف علی کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے: اعلامیہ

ویب ڈیسک پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں سات تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 17 جنوری سے شروع ہوگی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 25 جنوری سے کھیلا جائے گا۔

دونوں میچز کے لیے پاکستان ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جب کہ سعود شکیل ان کے نائب ہوں گے۔

حال ہی میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والے سات کھلاڑی ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان میں سرِ فہرست اوپننر عبداللہ شفیق ہیں جنہیں خراب پرفارمنس کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا ہے جب کہ دوسرے اوپنر صائم ایوب انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ دونوں اوپنرز کی جگہ امام الحق اور محمد حریرا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ورک لوڈ مینیجمنٹ کے تحت فاسٹ بالر عامر جمال، محمد عباس، میر حمزہ اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے جب کہ سلیکٹرز نے خرم شہزاد کو ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے محمد علی اور کاشف علی کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

SEE ALSO: لاہور میں افغانستان سے میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ؛ 'سارا دباؤ انگلش کپتان پر نہ ڈالا جائے'

جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ کی جگہ پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان روحیل نذیر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 39 وکٹیں لینے والے اسپنر ساجد خان کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے جب کہ مسٹری اسپنر کہلانے والے ابرار احمد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

شان مسعود، سعود شکیل، امام الحق، کامران غلام، بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حریرا، سلمان علی آغا، نعمان علی، ساجد خان، خرم شہزاد، محمد علی، کاشف علی، ابرار احمد اور روحیل نذیر شامل ہیں۔