انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی اسٹار کرکٹر ثنا میر کو تین رکنی آئی سی آئی ویمن کمیٹی میں شامل کر لیا ہے۔ ثنا میر کا کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے اعزاز ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ثنا کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی احسانی مانی کا کہنا ہے کہ میں بورڈ کی طرف سے ثنا میر کو آئی سی سی کی ویمن کمیٹی کا رکن بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ثنا کی شمولیت اور ان کی بصیرت کے سبب خواتین میں کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا۔
احسان مانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ثنا کی کامیابی پاکستانی لڑکیوں کے لیے مثالی ہوگی۔ اس سے پاکستانی خواتین میں کرکٹ کا رجحان پروان چڑھے گا۔
دوسری جانب ثنا میر نے پی سی بی کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ثنا میر کا کہنا تھا کہ کہ اس فورم پر نمائندگی ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتی ہوں خواتین میں کرکٹ کا شوق اور رجحان دونوں بڑھ رہے ہیں۔ ایسے میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے موجودہ کھلاڑیوں کو آگے لانا آئی سی سی کا بہت اچھا اقدام ہے۔
واضح رہے کہ خواتین کی اس کمیٹی میں ثنا میر کے علاوہ جو دو اور خواتین شامل ہیں، ان میں آسٹریلیا کی لیزسور تالیکر اور بھارت کی میتالی راج شامل ہیں۔