حلب فضائی کارروائی میں مسجد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا: ترجمان

اپنے دعوے کی حمایت میں، پینٹاگان نے فضائی کارروائی کے بعد لی گئی تصویر جاری کی ہے۔ فوٹو میں دکھایا گیا ہے کہ مسجد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جب کہ اس قریبی عمارت کو کئی ہتھیار لگے

پینٹاگان نے کہا ہے کہ شام میں القاعدہ کے خلاف ایک فضائی کارروائی کی گئی۔ تاہم، اس بات کی تردید کی کہ مسجد کو ہدف بنایا گیا، جس کے بارے میں انسانی حقوق کے گروپ کا کہنا ہے کہ حملے میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

پینٹاگان کے ترجمان نے جمعے کے روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ پائلٹ والے اور پائلٹ کے بغیر طیاروں نے حلب کے قریب واقع الجناح کے قصبے میں مسجد کے ساتھ والی ایک عمارت کو نشانہ بنایا۔ ترجمان، نیوی کے کپتان، جیف ڈیوس نے بتایا کہ فضائی کارروائی میں القاعدہ کےدرجنوں چوٹی کے اہل کار ہلاک ہوئے، جو جمعرات کے روز اس عمارت میں اجلاس میں شرکت کر رہے تھے۔

اپنے دعوے کی حمایت میں، پینٹاگان نے فضائی کارروائی کے بعد لی گئی تصویر جاری کی ہے۔ فوٹو میں دکھایا گیا ہے کہ مسجد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جب کہ اس قریبی عمارت کو کئی ہتھیار لگے، جس کا ملبہ سڑکوں میں پھیل گیا۔ تاہم، مسجد اور تباہ شدہ عمارت کے ساتھ کھڑی موٹر گاڑیاں محفوظ رہیں۔

ڈیوس کے بقول، ''فضائی کارروائی سے پہلے علاقے کی تفصیلی نگرانی کی گئی، تاکہ شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچے''۔