پشاور: بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک

پشاور سے ملحقہ قبائلی پٹی درہ آدم خیل میں سکیورٹی اہلکاروں کا گشت (فائل فوٹو)

پشاور کے نواحی علاقے بھانہ ماڑی میں پیر کے روز ایک نجی اسکول کے باہر بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

ضلع کے اعلیٰ ترین سرکاری عہدے دار سراج احمد خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ دھماکا سڑک کنارے نصب کردہ بم کے ذریعے کیا گیا جس کی زد میں آکر ایک اسکول بس جزوی طور پر تباہ ہو گئی۔ اس واقعہ میں بس میں سوار دو بچے اور ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا۔

پولیس کے مطابق بس میں صرف دو بچے اور ڈرائیور ہی موجود تھا جس کے باعث اس واقعہ میں زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔

شمال مغربی صوبہ خیبر پختون خواہ میں حالیہ دنوں کے دوران ہونے والا یہ چوتھا بم حملہ ہے۔ اس سے قبل پشاور سے متصل قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کے علاوہ دیگر علاقوں میں خودکش حملے کیے گئے ہیں جن میں مجموعی طور پر لگ بھگ 80 افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی بھی ہوئے تھے۔

یہ حملے ایک ایسے وقت ہو رہے ہیں جب حکومت نے محرم کے مہینے کے تناظر میں صوبے بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔